فیصل جاوید پارلیمانی گروپ برائے پاک فرانس دوستی سے مستعفی ہو گئے

08:12 PM, 29 Oct, 2020

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور اسلام مخالف اقدامات پر پارلیمانی گروپ برائے پاک فرانس دوستی سے مستعفی ہوگئے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا ہے جس میں کہا کہ فرانسیسی صدر کے اقدامات سے اسلامو فوبیا کو تقویت ملے گی جیسا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام مخالف بیانات اور مقدس ہستیوں کی توہین انسانیت کے درمیان خلیج کو مزید گہرا کرے گی اور شدت پسند خیالات کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہو گی۔ اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اس پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے اقدامات انسانیت کو نازی نظریے سے زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

واضح رہے فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم بھی چل رہی ہے۔

پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور گزشتہ روز پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جبکہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

مزیدخبریں