لاہور: ایک تقریب کے دوران صحافی نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے سوال کر لیا کہ آپ کا حسن قدرتی ہے یا کریم کا کمال۔ جس پر زرتاج گل شرما گئیں اور پھر مسکرا کر جواب دیا۔
زرتاج گل نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہر انسان کو خوبصورت بنایا ہے اور گھر والوں کے لیے میں آج بھی خوبصورت ہوں اور اس میں کریموں کا کوئی کردار نہیں ہے۔
صحافی کے سوال کے جواب میں نے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے مزید وضاحت دی کہ میں قبائلی ہوں اور ڈیرہ غازی خان سے الیکشن جیت کر یہاں پہنچی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جدوجہد میں قدرتی حسن صرف اتنا ہی بچا ہے کہ اب تو میری کلاس فیلوز بھی مجھے نہیں پہنچاتیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 7 اکتوبر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا تھا کہ اسکن وائٹننگ کریمیں جلد اور صحت کے لیئے نقصان دہ ہیں۔ مرکری (پارہ) ایک بہت خطرناک چیز ہے، تھرمامیٹر، بی پی آپریٹر اور ڈینٹل کی فلنگ مرکری سے ہوتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر چیز کو مرکری سے پاک کریں، رنگ گورا کرنے والی کریموں پر بھی کام کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا 59 کریموں کا لیب ٹیسٹ کیا جس میں 57 میں مرکری پایا گیا اور اس میں انٹرنیشنل برانڈز بھی شامل ہیں جبکہ صابن کے ٹیسٹ کیے جن میں 14 میں سے 4 صابن جلد کے لیے خطرہ ہیں۔