منفی بیانیے سے اپوزیشن فوج کو تقسیم نہیں کر سکتی، شبلی فراز

05:21 PM, 29 Oct, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بہترین حکمت عملی کی وجہ سے عالمی وبا پر قابو پایا۔ وبا کے دوران پیدا ہونیوالی معاشی صورت حال کا بھی ڈٹ کے حکومت نے مقابلہ کیا اور معیشت درست سمت میں چل رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایاز صادق کے بیان پر دشمن کا میڈیا شادیانے بجا رہا ہے اور دشمن کو خوش کرنے کے لئے اس طرح کی بات کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے امن کی خاطر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ابھی نندن کو واپس دے کر دنیا میں پاکستان کا قد  اونچا ہوا کیونکہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا تھا اور ذمہ دار ریاست کا مظاہرہ کیا۔ہمارے دشمن بھارت کو ہزیمت اٹھانی پڑی کیونکہ اس شکست سے بچنے کے لیے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس رافیل طیارے ہوتے تو ایسا نہیں ہوتا۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا دنیا میں بھارت کو ہزیمت اٹھانا پڑی تھی جبکہ پاکستان کی فتح کو شکست میں بدلنے کا بیان دینے والے ایاز صادق آپ کون ہوتے ہیں۔ مفنی بیانیے سے اپ پاک فوج میں تقسیم کی ناکام کوشش کرتے ہیں جس میں یہ کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہوں گے اور ان کی کوشش ہے کہ حکومت اور اداروں پر دباؤ ڈال کر سہولتیں حاصل کی جائیں۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ابھی نندن کے بیان پر قوم ایاز صادق سے حساب لے گی اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر معافی مانگے اور اسی طرح پی ڈی ایم کی قیادت بھی ندامت اور مذمت کر کے پاکستان کے عوام معافی مانگے کیونکہ ہم اس سے کم پر راضی نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کی گئی اور کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگا اور اس کی قیادت نے وضاحت بھی نہیں کی۔شبلی فراز نے مطالبہ کیا کہ پی ڈی ایم کی لیڈرشپ بھی قوم سے معافی مانگے اور ہم اس سے کم پر راضی نہیں ہونگے۔ ملکی مفادات پر کھیلنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے کیونکہ یہ آرٹیکل 19 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اگر ایازصادق اور پی ڈی ایم کی لیڈر شپ معافی مانگ لے تو ٹھیک ورنہ قانون اپنا راستہ خود لے گا۔ 

وزیر اطلاعات نے تمام اپوزیشن جماعتوں پر واضح کیا کہ یہ بات طے ہے کہ پاکستان کی سیاست اب ذاتی مفادات کے طور پر نہیں چلے گی بلکہ قومی مفاد کے گرد گھومے گی۔ انشاء اللہ سینیٹ الیکشن بھی ہونگے۔ مہنگائی ایک سنجیدہ ایشو لیکن عارضی ہے۔

اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ماضی میں اداروں کو تباہ کیا گیا اور ہم ان کو مضبوط کر رہے ہیں، اپوزیشن میں سچ سننے کی ہمت ہی نہیں اور بھارت میں پاکستان مخالف بیانیے کی ترویج ہو رہی ہے۔ اپوزیشن کے بیانیہ پر دشمن ملک میں کھیلا جا رہا ہے۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا سی پیک اتھارٹی کے منصوبے بھرپور طریقے سے چل رہے ہیں، قائمہ کمیٹیوں میں معاملے کی حمایت، ایوان میں مخالفت کرتے ہیں اور یہ دشمنوں کو خوش کر رہے ہیں لیکن دوسروں کو ناراض تو نہ کریں، ہم اپوزیشن کو سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے اور غلط باتیں کرنے سے خارجہ پالیسی سے متعلق غلط پیغام جاتا ہے۔

مزیدخبریں