لاہور: محکمہ داخلہ نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پروونشل انٹیلی جنس سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس سے حکومت پنجاب کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
تھریٹ الرٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان پر بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ اور افغان ایجنسی ’این ڈی ایس‘ جان لیوا حملہ کرسکتے ہیں۔ تھریٹ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ نے ٹارگٹ کلرز سے رابطہ کر لیا ہے جب کہ سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ جے یو آئی (ف) کا آزادی مارچ جاری ہے اور قافلہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پنجاب میں داخل ہو چکا ہے۔
آزادی مارچ کا قافلہ بروز اتوار کو کراچی سے روانہ ہوا تھا جہاں دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔ اس دوران مولانا اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے افتتاحی جلسے سے خطاب بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے جہاں معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔