بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو کرپشن کیس میں 7 سال قید کی سزا

04:07 PM, 29 Oct, 2018

ڈھاکا: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم اور موجودہ اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء کو چیریٹی فنڈ میں غیر قانونی طریقے سے رقم جمع کرنے پر 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کی عدالت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو چیریٹی ادارے میں خرد برد کی رقم جمع کرنے کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے 7 سال قید کی سزا سنادی ہے، خالدہ ضیاء کرپشن الزمات پر پہلے ہی 5 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔

عدالت نے 73 سالہ اپوزیشن لیڈر کی علالت کے باعث اُن کی غیر حاضری میں ہی سزا سنا دی جب کہ سابق وزیراعظم کے وکلاء  شفاف انصاف کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے سماعت کے دوران ہی عدالت سے باہر آگئے تھے۔

خالدہ ضیاء پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں 2001 سے 2006 کے درمیان اپنے شوہر کے نام پر قائم کیے گئے خیراتی ادارے ضیاء چیریٹیبل فنڈ کے نام پر 3 لاکھ 75 ہزار ڈالر کی خطیر رقم نامعلوم ذارئع سے جمع کی تھی۔

خالدہ ضیاء کو اب بھی 30 سے زائد مقدمات کا سامنا ہے، اپوزیشن کا ان مقدمات کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ پروپیگنڈا مہم کا مقصد خالدہ ضیاء کو انتخابی مہم سے دور رکھنے کے لیے گھڑی جارہی ہے تاکہ وزیراعظم حسینہ واجد کو ایک بار پھر میدان صاف ملے۔

مزیدخبریں