کولمبو:سری لنکا میں سیاسی بحران کے بعد فائرنگ کے ایک واقعہ میں2 افراد ہلاک ہو گئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ وزیر پیٹرولیم ارجنا راناٹنگا کے محافظوں کی جانب سے صدر میتھری پالا سری سینا کے حامیوں پر کی گئی۔بتایا گیا کہ مشتعل ہجوم نے کابینہ کے اس رکن کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، جس پر وزیر کے محافظوں کی جانب سے اس جتھے پر براہ راست گولیاں داغی گئیں۔
کولمبو میں اسی کشیدگی کے تناظر میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں اور فوجی اہلکاروں کو بھی صدر اور وزیراعظم کی رہائش گاہوں کے باہر دیکھا گیا ، تاہم ان کی جانب سے کسی مداخلت کے اشارے نہیں مل رہے ہیں۔
سری لنکا کے علاقائی ہمسائیوں اور مغربی اقوام کی جانب سے فریقین سے صبر اور دستور کی پاس داری کی اپیل کی گئی ۔