مصرمیں وکیل نے ڈائس پرچڑھ کرجج کو جوتا دے مارا

02:39 PM, 29 Oct, 2018

قاہرہ :مصرمیں مقدمات کی سماعت کے دوران ایک وکیل نے جج سے کسی بات پر اختلاف کرنے کے بعد ڈائس پر چڑھ کر اسے جوتا دے مارا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصرمیں مقدمات کی سماعت کے دوران ایک وکیل نے جج سے کسی بات پر اختلاف کرنے کے بعد ڈائس پر چڑھ کر اسے جوتا دے مارا،یہ واقعہ جنوبی مصر کی المنیا گورنری میں ملوی اپیل کورٹ میں پیش آیا،وکیل نے سابقہ اختلافات کی بنا پر ڈائس پرچڑھ کر جج کو جوتا دے مارا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں کے درمیان پہلے سے اختلافات چل رہے تھے۔ جج نے وکیل کو گرفتار کرکے اپنے سامنے پیش کرنے کا حکم دیاتھا۔ دوسری جانب وکیل نے سوشل میڈیا پرمخالف جج کی کردار کشی کی مہم شروع کر رکھی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ جج بیوہ عورتوں، خواتین اور بے گناہ شہریوں کے خلاف ظالمانہ فیصلے صادر کر رہا ہے۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا اور چار روز تک کا ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ۔در یں اثنا مصر کے جوڈیشل کلب کی طرف سے جاری ایک بیان میں جج کو جوتا مارنے کی شدید مذمت کی ہے۔

جوڈیشل کلب کے ترجمان رضا محمود السید نے ایک بیان میں کہا کہ ایک جج کو جوتا مارا کسی ایک فرد کی توہین نہیں بلکہ یہ پوری ریاست اور عدلیہ کی توہین کے مترادف ہے۔

مزیدخبریں