آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ،چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا،سیکرٹری داخلہ،اٹارنی جنرل سپریم کورٹ طلب

آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ،چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے لیا،سیکرٹری داخلہ،اٹارنی جنرل سپریم کورٹ طلب
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے کا نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سناہے کسی وزیر اور سینیٹر کے کہنے پرتبادلہ کیاگیا،سیکرٹری داخلہ بتائیں آئی جی اسلام آبادکوکیوں ہٹایا؟۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کے تبادلے کا ازخودنوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اوراٹارنی جنرل آج سپریم کورٹ طلب کر لیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سناہے کسی وزیر کے کہنے پرتبادلہ کیاگیا،سیکرٹری داخلہ بتائیں آئی جی اسلام آبادکوکیوں ہٹایا؟چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ سناہے کسی وفاقی وزیر کے بیٹے کامعاملہ ہے؟۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کو آئی جی کا تبادلہ نہیں کرنے دیں گے ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے اور اداروں کو کمزور نہیں ہونے دینگے۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اٹارنی جنرل اور سیکریٹری داخلہ بتائیں کن وجوہات کی بناءپر آئی جی کو گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد جان محمد کو اچانک عہدے سے ہٹادیا گیا اور اس سے متعلق اطلاعات سامنے آئیں کہ آئی جی کو ایک وفاقی وزیر کی ہدایت نہ ماننے پر ہٹایا گیا۔


یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے پنجاب کے آئی جی پولیس طاہر خان کو ایک ماہ 2 دن بعد ہی تبدیل کردیا تھا اور ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا تھا۔
اس کے علاوہ ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کا بھی اچانک تبادلہ کیا گیا تھا جس پر چیف جسٹس پاکستان نے از خود نوٹس لیا تھا۔