کابل،افغانستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، 13 پولیس اہلکار ہلاک

06:38 PM, 29 Oct, 2017

کابل:افغان صوبے قندوز میں چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں 13 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ صوبہ ننگر ہار میں فضائی حملے میں کالعدم داعش کے 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبہ قندوز میں مسلح جتھے نے چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 13 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

ضلعی پولیس کے سربراہ حیات اللہ امیری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے کے وقت 14 پولیس اہلکار چوکی میں موجود تھے، دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے کارروائی کی جس کے باعث اہلکاروں کو جوابی کارروائی کا موقع نہ مل سکا تاہم ایک پولیس اہلکار جان بچا کر بھاگ نکلا۔ دہشت گرد حملے کے بعد سرکاری ہتھیار، بکتر بند اور فوجی گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے چوکی پر قبضے کا بھی دعوی کیا ہے۔دوسری جانب افغان سیکیورٹی حکام نے دعوی کیا ہے کہ صوبہ ننگر ہار میں فضائی حملے میں کالعدم داعش کے 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ننگرہار کے علاقے خوگیانو میں جیٹ طیاروں کی مدد سے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں ناصرف دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ ہوئے بلکہ 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں