نیشنل گرڈ میں شامل ہونے والی نئی بجلی مزید مہنگی ہوگی :وزیر توانائی اویس لغاری

نیشنل گرڈ میں شامل ہونے والی نئی بجلی مزید مہنگی ہوگی :وزیر توانائی اویس لغاری

اسلام آباد:وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیشنل گرڈ میں شامل ہونے والی نئی بجلی مزید مہنگی ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے وضاحت کی کہ نئی شامل ہونے والی 17 ہزار میگاواٹ بجلی میں سے صرف 87 میگاواٹ بجلی سستی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کی بدولت ملک کی معیشت چل رہی ہے، اور ان کی خواہش ہے کہ تاجر مزید منافع کمائیں اور اس سے حاصل شدہ ٹیکس حکومت کو ادا کریں۔ اویس لغاری نے بتایا کہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج بجلی کی قیمتوں کا تھا، اور پاکستان نے کبھی بھی اپنے فارمولے کے تحت سستی بجلی خریدنے کی کوشش نہیں کی۔

وزیر توانائی نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اصلاحات کی ہیں اور مستقبل میں کوئی بجلی کمپنی ایک روپے اضافی چارج نہیں کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تبدیلیاں صرف 3 ماہ کے لیے نہیں، بلکہ 6 ماہ تک چلیں گی، اور اضافی بجلی کی خریداری کے لیے آکشن کا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ اگر بجلی کے سہولت پیکیج کے نتائج اچھے نکلے تو یہ پورے سال کے لیے جاری رکھا جائے گا۔

اويس لغاری نے مزید کہا کہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ کے تحت نقصان کم کرنے کے لیے ایک خاص ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تقسیم کار کمپنیوں نے صرف 11 ارب روپے کا نقصان کیا ہے، جو کہ ڈسکوز کے خود مختار بورڈز کی بدولت ممکن ہو سکا ہے۔