السلام آباد:یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی یورپ کی پروازوں پر عائد پابندی اٹھا لی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس فیصلے کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی کا خاتمہ ایک یادگار موقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پابندی کے سبب پی آئی اے اور ایوی ایشن انڈسٹری بحران کا شکار ہو گئی تھی، لیکن اب جلد ہی پی آئی اے کا آپریشن دوبارہ بحال ہو جائے گا۔
وزیر دفاع نے اس کامیابی کو وزارت ہوابازی کی بھرپور توجہ اور کوششوں کا نتیجہ قرار دیا، جس نے بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات کو یقینی بنایا۔ خواجہ آصف نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی برطانیہ اور دیگر ممالک کے لیے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندیاں ختم کر دی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کی دیگر پروازوں کی ریٹنگ میں بہتری آئی ہے، جس سے ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں مزید آسانیاں پیدا ہوں گی۔