ایلون مسک کا گیمنگ انڈسٹری میں نیا قدم، ایکس اے آئی گیمنگ اسٹوڈیو لانچ

07:07 PM, 29 Nov, 2024

امریکہ :مشہور بزنس مین ایلون مسک، جو ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کامیاب کمپنیوں کے مالک ہیں، نے گیمنگ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک نئے گیمنگ اسٹوڈیو، ایکس اے آئی گیمنگ اسٹوڈیو کے آغاز کا اعلان کیا۔

مسک کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد گیمنگ انڈسٹری میں انقلاب لانا اور اس کی موجودہ حالت کو بہتر بنانا ہے۔ ان کے مطابق، گیمنگ انڈسٹری میں معیار کی بجائے سیاست پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، جو افسوسناک ہے۔

ایلون مسک نے مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیہ نڈیلا اور ان کے گیمنگ ڈویژن ایکس باکس کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ گیمز میں غیر ضروری سیاسی پیغامات دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈویلپرز پر زور دیا کہ وہ ذاتی یا سیاسی ایجنڈے کو چھوڑ کر تفریحی اور معیاری گیمز بنانے پر توجہ دیں۔

ایکس اے آئی گیمنگ اسٹوڈیو میں گیمز کی تیاری کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ ایلون مسک کا عزم ہے کہ یہ اسٹوڈیو گیمنگ انڈسٹری میں تفریح، تنوع، اور اعلیٰ معیار کے ساتھ نئی جہتیں متعارف کرائے گا۔

یہ اعلان گیمنگ انڈسٹری میں مائیکرو سافٹ اور سونی جیسی بڑی کمپنیوں کے لیے ایک چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور ماہرین اس اقدام کو دلچسپ تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔
 

مزیدخبریں