کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے:ترجمان دفتر خارجہ 

04:03 PM, 29 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح کیا ہے کہ پاکستان اگلے برس اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا اور تمام ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ماننا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کا حصہ نہیں بنانا چاہیے، اور اس پر ہم نے آئی سی سی کے ساتھ اپنی تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں نہ کھیلنے کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی کے اعلیٰ حکام سے دبئی میں اہم مذاکرات کیے ہیں اور پاکستان کا مؤقف واضح کیا ہے۔ اس پر امریکا کا بھی کہنا تھا کہ وہ کھیلوں کو سفارتکاری کا ذریعہ سمجھتا ہے اور پاکستان اور بھارت کو آپس میں بات چیت کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

اس کے علاوہ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں افغان شہریوں کو احتجاج کے دوران گرفتار کیا ہے، اور ان غیر قانونی کارروائیوں کے حوالے سے تمام غیر ملکیوں کو پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں