پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا بی ڈی ایس کی ڈگری 5 سالہ کرنے کا فیصلہ، یونیورسٹیوں کو احکامات جاری

02:48 PM, 29 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے بی ڈی ایس (بچلر آف ڈینٹل سرجری) کی ڈگری کو 5 سالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کو باضابطہ طور پر احکامات جاری کر دیے ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے ترجمان نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پہلے ہی بی ڈی ایس کی ڈگری کو 5 سال کے دورانیے میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی تھی۔ اب پی ایم ڈی سی نے اس فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، 4 سالہ بی ڈی ایس پروگرام کے باعث پاکستانی طلبہ کو بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے اور وہاں نوکریوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے کونسل نے بی ڈی ایس کی ڈگری کو 5 سالہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیا پانچواں سال کلرک شپ (Internship) کے طور پر رکھا جائے گا، جس کے بعد ایک سالہ ہاؤس جاب (House Job) کا عمل بھی جاری رہے گا۔

پی ایم ڈی سی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ بی ڈی ایس کے 5 سالہ پروگرام کا نفاذ 25-2024 سیشن سے ہوگا، جس کے بعد پاکستان میں ڈینٹل کی تعلیم کا معیار مزید بلند ہوگا اور طلبہ کے لیے بیرون ملک تعلیم و روزگار کے مواقع میں بہتری آئے گی۔

مزیدخبریں