اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے معمولی اضافے کے پیش نظر یکم دسمبر 2024 سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2.87 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے باعث عالمی منڈیوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع ہے، جس سے ممکنہ طور پر قیمتیں جوں کی توں رہ سکتی ہیں۔
عالمی سطح پر برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 2 سینٹ بڑھ کر 72.83 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 5 سینٹ سے کم ہو کر 68.72 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
موجودہ 15 دن کے تجزیے کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی نئی قیمت 248.38 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 251.38 روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہے۔
تاہم، اگر عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آتی ہے تو یہ اضافے کا امکان کم ہو سکتا ہے اور قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہ سکتی ہیں۔