پشاور: خیبرپختونخوا میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے اتوار کو دوبارہ منعقد کیے گئے ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ کامیابی کا تناسب 75 فیصد رہا جبکہ 6 امیدواروں نے 192 نمبر لے کر ایم ڈی کیٹ میں ٹاپ کیا۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 11 امیدواروں نے 190 سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں جبکہ 180 سے 189 تک 402 امیدواروں نے نمبر حاصل کیے اور 170 سے 179 تک 2 ہزار 982 امیدواروں نے نمبر حاصل کیے۔
کے ایم یو کا کہنا ہے کہ 46 ہزار امیدواروں میں سے 34 ہزار نے ٹیسٹ میں حصہ لیا جبکہ 11300 امیدوار ٹیسٹ میں غیرحاضر رہے۔
واضح رہے کہ پہلےایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بلیوٹوتھ اسکینڈل کے باعث کینسل کیا گیا تھا، جس کے بعد ٹیسٹ منعقد کرانے کی ذمے داری ایٹا سے لے کر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی سپرد کی گئی تھی۔
دوسری بار منعقد کیے گئے ٹیسٹ کے بعد بھی پیپر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئا تھا جس پر وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاء الحق ٹیسٹ کے دوران کوئی پیپر لیک نہیں ہوا، ٹیسٹ کے بعد یہ پرچہ پبلک ڈاکومنٹ بن جاتا ہے، ممکن ہے ٹیسٹ کے بعد کسی نے تصویر لے کر وائرل کیا ہو۔