اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون ، آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک پیش کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے ، پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے، پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے دفاع ، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کو میسر رہے گا ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیک تمناؤں کے اظہار اور مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔
واضح رہے کہ جنرل سید عاصم منیر نے آج راولپنڈی میں پاک فوج کی کمان سنبھال لی جس کے بعد وہ پاک فوج کے 17ویں سربراہ بن گئے ہیں۔ پاک فوج کی کما نڈ کی تبدیلی کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں حاضر سروس ، ریٹائرڈ افسران اور کیڈٹس ، سینئر فوجی حکام اور سابق عسکری قیادت ، وفاقی سیکرٹریز اور سول حکام بھی شریک ہوئے ۔