لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر پروفیشنل اور انتہائی قابل سولجر ہیں اور پاک فوج کا سپہ سالار بننا ان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنرل سید عاصم منیر کو دنیا کی بہترین فوج کی کمان کا اعزاز حاصل ہوا ہے، نئے سپہ سالار کی قیادت میں پاک افواج اپنی کامرانیوں کے سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دفاعی و ملی خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ ساز کردار ادا کیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک افواج نے معیشت کے استحکام میں اہم کردارادا کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر قیادت پاک افواج نے سفارتکاری اور قدرتی آفات میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں، جنرل قمر جاوید باجوہ کے ملک و قوم کیلئے بے مثال کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔