راولپنڈی: جنرل سید عاصم منیر نے آج راولپنڈی میں پاک فوج کی کمان سنبھال لی جس کے بعد وہ پاک فوج کے 17ویں سربراہ بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی کما نڈ کی تبدیلی کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور کیڈٹس، سینئر فوجی حکام اور سابق عسکری قیادت، وفاقی سیکرٹریز اور سول حکام بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مختلف ممالک کے دفاعی اتاشی سول سوسائٹی، میڈیا اراکین اور ارکان پارلیمنٹ بھی تقریب میں موجود شریک ہوئے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضری دی، جنرل قمرجاوید باجوہ نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب میں ملی نغموں کی دھنیں بکھیرتے جی ایچ کیو بینڈ نے شاندار پرفارمنس پیش کی جس کی قیادت نائب صوبیدارمحمد افضل نے کی جبکہ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا تعلق انفنٹری کی بلوچ رجمنٹ سے ہے،بلوچ رجمنٹ غازی یا شہید سلوگن کی حامل ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ نے میجر جنرل کے رینک پر ایف سی این اے کی کمان کی،لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر جنرل قمرجاوید باجوہ نے ایل او سی کی ذمہ دار 10 کور کی بھی قیادت کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے 44 سالہ فوجی کیریئر میں اقوام متحدہ امن مشن میں خدمات انجام دیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کے 6 سال میں پیچیدہ علاقائی صورتحال میں صحیح سمت کا تعین ہوا۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے پاکستان کا اخراج ممکن ہوا، قدرتی آفات میں پاک فوج نے قومی خدمات انجام دیں۔