کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران مثبت رجحان رہا اور 100 انڈیکس میں 1215 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1215 پوائنٹس اضافے سے 45 ہزار 330 پر بند ہوا۔
کاروباری دن میں 100 انڈیکس 1473 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ انڈیکس کی آج بلند ترین سطح 45 ہزار 415 رہی۔ بازارمیں آج 26 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت تقریباً 11 ارب روپے رہی۔ شیئرز بازار کی کیپٹلائزیشن آج 170 ارب روپے بڑھ کر 7 ہزار 758 ارب روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 74 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 175 روپے 46 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 20 پیسے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔