ہوائی اڈوں کی بحالی کیلیے یورپی یونین ہماری مدد کرے، طالبان

ہوائی اڈوں کی بحالی کیلیے یورپی یونین ہماری مدد کرے، طالبان
کیپشن: ہوائی اڈوں کی بحالی کیلیے یورپی یونین ہماری مدد کرے، طالبان
سورس: فائل فوٹو

دوحہ: طالبان نے یورپی یونین سے افغانستان کے ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے مدد کی درخواست کر دی ہ۔  

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر للہ متقی کی زیر قیادت طالبان وفد نے دوحہ میں یورپی یونین کے حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ طالبان وفد امریکی نمائندوں سے بھی مذاکرات کرے گا۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ملاقات کے دوران مسائل کو سیاسی تحفظات سے الگ رکھنے اور دباؤ کے بجائے تعاون کے ذریعے ان کے حل پر اتفاق کیا گیا ہے۔

طالبان اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے ملک کے ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے یورپی یونین سے مدد کی درخواست کی۔

یورپی یونین نے افغانستان میں دفتر کھولنے اور افغان عوام کی مدد کا وعدہ کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔

ادھر یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات کا مطلب طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہیں ہے بلکہ یہ ملاقات افغان عوام کے مفاد میں یورپی یونین کی آپریشنل مصروفیات کا حصہ ہے۔

یورپی یونین کے بیان کے مطابق طالبان نے افغانیوں کے لیے عام معافی کے وعدے پر قائم رہنے اور غیر ملکیوں کی بحفاظت انخلا کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ یورپی یونین نے سردیوں میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کی مدد کا وعدہ کیا ہے۔