کابل : افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے کہا کہ امارات اسلامی کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، عالمی برادری کے ساتھ اچھے اور معاشی تعلقات قائم کرنا چا ہتے ہیں ، عالمی برادری انسانی بنیادوں پر افغانستان کی امداد جاری رکھے، اگر افغان مرکزی بینک کے اثاثے بحال کر دیئے جائیں تو ہماری معاشی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔
افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے پہلی بار عوام سے خطاب کیا جس میں انہوں نے طالبان امریکا لڑائی، ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال سمیت عالمی برادری سے تعلقات پر بات چیت کی۔ افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے کہا کہ طالبان نے اپنے تمام وعدے پورے کیے ہیں، امارات اسلامی عالمی برادری کے ساتھ اچھے اور معاشی تعلقات کی خواہاں ہے لہذا عالمی برادری انسانی بنیادوں پر افغانستان کی امداد جاری رکھے جب کہ افغانستان کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔
ملا محمد اخوند نے ملکی معاشی صورتحال پر کہا کہ افغانستان میں اسلامی امارات کی حکومت سے پہلے بھی معاشی مسائل تھے تاہم اگر افغان مرکزی بینک کے اثاثے بحال کر دیئے جائیں تو ہماری معاشی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔
افغان وزیراعظم نے کہا کہ امارات اسلامی نے خواتین کو ان کے حقوق دیئے ہیں اور ہم لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق معاملات مزید بہتر کر رہے ہیں، اس کے علاوہ رپورٹس ملی ہیں کہ کچھ لوگ گھروں میں گھس کر امن و امان کی صورتحال خراب کر رہے ہیں، ایسے افراد کا امارات اسلامی سے کوئی تعلق نہیں ہے لہذا متعلقہ حکام ان واقعات کا نوٹس لیں ۔