کراچی : ٹک ٹاکرز کو لوٹنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ملزمان نے ڈلیوری بوائز کو بھی لوٹنے کا اعتراف کرلیا ۔ملزمان کے قبضے سے متعدد مہنگے موبائلز اور دیگر قیمتی چیزیں برآمد کرلی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شاہراہ نورجہاں تھانے کی ٹیم نے دو ملزمان رحمٰن گِل اور عباس علی کو نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کیا ہے پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل فونز، زیورات اور لڑکیوں سے چھینے گئے پرس برآمد کرلئے ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ نارتھ ناظم آباد کے مختلف پارکس میں ٹک ٹاک بنانے کے بہانے جاتے تھے اور وہاں پر موجود دیگر ٹک ٹاک سٹارز کی مارکنگ کرلیتے تھے اور پھر موقع پاکر ان سے مہنگے موبائل فونز اور دیگر قیمتی چیزیں چھین لیتے تھے ۔
ملزمان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاکر ز کو لوٹنا بہت آسان ہوتا ہے بالخصوص لڑکیاں تو بالکل بھی مزاحمت نہیں کرتیں ۔ ملزمان ٹک ٹاکرز سے چھینے گئے مہنگے موبائل مارکیٹ میں فروخت کردیتے تھے ۔
ملزمان کے مطابق اب تک نارتھ ناظم آباد میں 25 سے زیادہ ٹک ٹاکر جوڑوں اور سنگل لڑکیوں کو لوٹ چکے ہیں، ملزمان فوڈ ڈیلوری بوائے اور آن لائن کار سروس کو سنسان جگہ پر بلاتے تھے، ڈیلوری بوائیز جیسے ہی آتے تھے تو وہ انہیں لوٹ لیتے تھے۔
ملزمان کے اعترافی ویڈیو بیان کے مطابق 1 لاکھ روپے مالیت والا موبائل فون 20 ہزار اور 70 ہزار مالیت کا فون صرف 15 ہزار میں بیچتے رہے ہیں، سونے کی انگوٹھی 5 ہزار، موٹر سائیکل 10 ہزار میں فروخت کرتے رہے ہیں، ملزمان بینک سے نکلنے والے شہریوں کو بھی نشانہ بناچکے ہیں۔
ملزمان نے مزید کہا کہ وہ اب تک پانچ مرتبہ گرفتار ہوکر چھوٹ چکے ہیں ۔