نئی دہلی: جنوبی افریقہ سے آنے والا بھارتی شہری کورونا کا شکار ہوگیا ۔ بھارتی شہری کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ ماہرین نئی قسم اومی کرون کے بارے میں جاننے کی کوشش کررہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے بارے میں ان دنوں ساری دنیا میں ہی تشویش پائی جارہی ہے ۔ جنوبی افریقہ سے آنے والے بھارتی شہری میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں ۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی یہ حتمی طورپر نہیں کہا جاسکتا کہ بھارتی شہری کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون سے متاثر ہے تاہم اس کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور مزید ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔
حکام کے مطابق شہری نے 24 نومبر کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کا سفر کیا تھا جہاں سے واپسی پر اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔جب تک یہ واضح نہیں ہوتا کہ بھارتی شہری کورونا وائرس سے کس حد تک متاثر ہے اس کو کسی سے ملنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون جنوبی افریقہ کے جنگلات میں ہی دریافت ہوئی ہے اس کو ماہرین اب تک کی سب سے زیادہ خطرناک قسم قرار د ےرہے ہیں کیونکہ اس پر اب تک بننے والی کوئی بھی ویکسیئن کارگر نہیں ہے۔