ہرارے : سری لنکا وویمن کرکٹ ٹیم کی چھ کھلاڑی خواتین کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں ۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ خواتین کرکٹر ز کہیں کورونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر تو نہیں ہوئیں ۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں ورلڈکپ کوالیفائی راؤنڈ کے ٹورنامنٹ میں شامل سری لنکا وویمن کرکٹ ٹیم کی چھ کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر پائی گئی ہیں ۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ زمبابوے میں موجود سری لنکا وویمن کرکٹ ٹیم کی چھ کھلاڑی خواتین میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں جن کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ان کے ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں ۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق اس معاملے میں چھان بین کی جارہی ہیں کہ کہیں خواتین کرکٹرز کورونا وائرس کی نئی قسم کا شکار تو نہیں ہوگئیں ۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ کامزید کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی واپسی کے جلد انتظامات کئے جارہے ہیں ۔
یاد رہے کہ اگلے سال نیوزی لینڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل وویمن کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد ہورہا ہے اس کیلئے ہی ہرارے میں کوالیفائر ٹورنامنٹ ہورہا تھا۔ لیکن کوویڈ کی وجہ سے کوالیفائر راؤنڈ روک دیا گیا ہے اب ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کا فیصلہ رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا ۔پاکستان ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش نے رینکنگ کی بنیاد پر ہی کوالیفائی کیا ہے ۔ میزبان ہونے کے ناطے نیوزی لینڈ پہلے سے ہی اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گا جبکہ بھارت ، آسٹریلیا ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ بھی ون ڈے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے ۔ ٹورنامنٹ چار مارچ سے تین اپریل تک کھیلاجائے گا۔