لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اووسیز پاکستانیوں کی اسمبلیوں میں نمائندگی کے حوالے سے اپوزیشن کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔ کہتے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق کافی نہیں اسمبلیوں میں نمائندگی بھی دی جائے۔
نیو نیوز کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے لارڈ مئیر محمد افضل اوراوورسیز پاکستانیوں نے ملاقات کی۔ اس دوران گورنر پنجاب نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مخصوص نشستوں کی تجویز کی حمایت کی۔
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا کافی نہیں انکو اسمبلیوں میں نمائندگی بھی ملنی چاہیے۔ آزاد کشمیر میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کی نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ اوورسیز پاکستانی ملک وقوم کا فخر ہے ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں۔
چودھری محمد سرور نے کہا کہ اورسیز پاکستانی جس جس ملک میں رہتے ہیں وہاں کی سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیں۔ بھارت کےعزائم کو ناکام بنانے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو یورپی ممالک کی سیاست میں بھی آگے بڑھنا ہوگا۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
لارڈ مئیر محمد افضل نے چوہدری محمد سرور کو اوورسیز پاکستانیوں کا نمائندہ قراردیدیا ۔ ملاقات میں برمنگھم سے کونسلر وسیم ظفر، کونسلر ادریس ، راجہ فہیم کیانی اور دیگر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا بل منظور کیا ہے جس کی اپوزیشن نے مخالفت کی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اسمبلیوں میں سیٹس مخصوص کردی جائیں ۔