جہلم : وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف فیملی کے افراد جلد پاکستان واپس آئیں گے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنازوں، انتقال پر نہ سیاست کرتے ہیں اور نہ اسے اچھا سمجھتے ہیں، پی ڈی ایم والے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر جلسے کرنے نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دن بہ دن معاشی حالات بہتر ہونے سے اپوزیشن کی سیاست دفن ہورہی ہے۔ ملتان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ٹھیک نہیں قابل افسوس ہے۔
حکومت نے ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالا تو کہیں گے جمہوریت خطرے میں ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے اگر کارروائی نہ کی تو لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہوگا۔ پنجاب حکومت کیلئے مشکل فیصلے کی گھڑی ہے۔ اپوزیشن کو تھوڑی بھی عقل ہوتی تو لوگوں کی زندگیوں کی پرواہ کرتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے اور اپوزیشن کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ سہولت بازار میں 20 کلو آٹا 840 روپے کا ہے، چینی کی قیمت میں 15 روپے کمی آئی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کل ملتان میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو ریاست کی رٹ چیلنج کرنے نہیں دیں گے۔