لاہور: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع سے جیالے ہر صورت ملتان پہنچیں گے۔پولیس گردی سے جیالوں کو ان کے گھروں میں محدود نہیں کیا جاسکتا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان جلسہ کے پیش نظرپنجاب کے تمام اضلاع میں پیپلز پارٹی کے عہدیدار پولیس کے نشانے پر آ چکے ہیں ۔ گجرات پیپلز پارٹی کے صدر ضیا محی الدین اور ان کے بھائیوں کو30 دن کیلئے نظر بند کر دیاگیا۔ پی پی پی منڈی بہائوالدین کے صدر آصف بشیر اور دیگرعہدیداروں کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ پیپلز پارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے جنرل سیکرٹری کو حراست میں لے لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جھنگ اور فیصل آباد کے عہدیداروں کی فہرستیں لیکر پولیس کے جگہ جگہ چھاپے ماررہی ہے۔ضلع ساہیوال اور اوکاڑہ میں پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کے گھروں پر پولیس کی نگرانی جاری ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملتان جلسہ گاہ میں پولیس ایکشن فاشزم ہے۔حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملتان میں حالات خراب نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران علی قاسم گیلانی کی بہادری سے خوفزدہ ہیں۔ ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ ملتان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں اور اہالیان ملتان نے حکومتی پابندیاں خاک میں ملا دیں۔ ملتان جلسہ ہر صورت ہوگا،حکمرانوں کو بدمزگی سے کچھ نہیں ملے گا۔