اسلام آباد: اپوزیشن والے ملک اور عوام کے دشمن بن چکے ۔مراد سعید نے کہا کہ گلگت الیکشن میں شکست اور پی ڈی ایم کے جلسے ناکام ہونے کے بعد اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فرزند زرداری خود تو قرنطینہ ہوگئے ہیں لیکن دوسروں سے کہہ رہے ہیں باہر نکلو ۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ جلسے جلوس کرکے عوام سے بدلہ لینا چاہتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کیایہ چاہتے ہیں کہ ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہو؟ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بیانات روز بدلتے رہتے ہیں۔ پہلے یہ کورونا کی وجہ سے مکمل لاک ڈاؤن کا کہتے تھے اور اب جلسوں پر زور دے رہے ہیں۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ کہا کہ جب وزیراعظم نے لاک ڈائون کا فیصلہ کیا تب بھی انہیں غریبوں کا احساس تھا۔ احساس پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد افراد کوامداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موثر پالیسی سے کورونا کے دوران ملکی معیشت کو سنبھالا۔ حکومت احساس کفالت پروگرام کے ذریعے مستحقین کی مالی مددکررہی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈائون پالیسی کامقصدغریبوں کااحساس کرناتھا،کہ لاک ڈائون کے دوران کمزورطبقے کاخیال رکھاگیا،ہم نے ملک میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھائی۔
مراد سعید نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے ناکام ہوچکے ہیں۔ پوری قوم جانتی ہے ماضی کے حکمرانوں نے ملکی مفادکیلئے کچھ نہیں کیا۔ سندھ حکومت نے راشن کے پیسوں کا کیا کیا؟مراد سعید نے کہا کہ ملک سے باہر علاج کرانے والوں نے ملک میں کوئی ڈھنگ کا اسپتال نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت معیشت کوآئی سی یومیں چھوڑکرگئی۔