ملتان: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کل ملتان میں عظیم الشان جلسہ ہونے جا رہا ہے، کوئی طاقت جلسہ روکے گی تو عوام کا سیلاب اسے بہا لے جائے گا۔ حکومت نے جنگ چھیڑ دی ہے تو ہم نے بھی جنگ چھیڑ دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے۔ عوام سب رکاوٹیں توڑ کر آئیں، اگر حکومت ڈنڈے استعمال کرے تو آپ بھی ڈنڈا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور مزاحمت کے ساتھ کل کی کارروائی ہو کر رہے گی۔ جلسہ قاسم باغ میں ہوگا، تمام قیادت وہاں پہنچے گی۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے کہا کہ پولیس گردی ، لاقانونیت کو تسلیم نہیں کریں گے، علی قاسم گیلانی اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا، حکومت کی حماقتوں کی وجہ سے ہماری تحریک بہت جلد آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ان کی اوقات یاد دلائیں گے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ملتان میں ہمارے لیے وبا ہے اور دیر میں جلسہ ہو رہا ہے۔ اگر کل جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو ملک کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا۔ بیک ڈور رابطے منقطع کر دیئے تھے ، 8 دسمبر کو آئندہ کے لائحہ عمل طے کریں گے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے یہ تحریک حکومت کی اجازت سے شروع نہیں کی، مریم نواز کل ہر صورت جلسے میں شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ہر رکاوٹ توڑ کر پہنچیں گے، اب ہم عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری علیل ہیں اس لیے کل آصفہ بھٹو جلسے سے خطاب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت کا مشکور ہوں کہ جلسے سے پہلے جلسہ کامیاب کردیا۔ پی ڈی ایم کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، آٹھویں کلاس کا بچہ مجھے ملنے آیا اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔