ریاست کی رِٹ چیلنج کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے:فردوس عاشق اعوان

12:17 PM, 29 Nov, 2020

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ریاست کی رِٹ چیلنج کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے  نمٹیں گے،بزدار حکومت بارہا کہہ چکی ہے وبا کے دوران عوام کی زندگی پی ڈی ایم کے سیاسی بیروزگاروں کے سپرد کرکے خطرے میں نہیں ڈال سکتے ۔


تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے اپوزیشن اتحاد کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جلسوں کی پرواہ نہیں مگر عوام کی زندگی کا تحفظ ہمیں بلاتفریق مقدم ہے خواہ وہ کسی بھی جماعت سے ہوں۔


معاون خصوصی نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ بزدار حکومت تحمل،برداشت کا مظاہرہ کررہی ہے مگر پی ڈی ایم حالات کو کسی اور جانب لے جاناچاہتی ہے ،ملتان میں جن عناصر نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی انکے خلاف یقینا کارروائی ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم کو سیاسی تسکین کیلئے حالات مزید خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ وبا پھیلانے کا ذمہ دار ہے،عوام کے مسترد شدہ عناصر کے دلوں میں دکھی انسانیت کے لئے رتی بھر درد نہیں ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ اپنی منفی سیاست کے لئے عوام کی زندگیوں کو داﺅ پر لگا رہا ہے،سیاہ کرتوتوں والے پی ڈی ایم کی سیاہ کاریاں عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں،سیاہ کار آج اپنے کرتوت چھپانے کے لئے پاکستان کی ترقی پر سیاہی ملنا چاہتے ہیں،22 کروڑ پاکستانی اب لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔


ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی ساری جماعتیں الٹی بھی ہوجائیں ،پھر بھی سیدھی طرح لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا،وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں کرپشن کے کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

مزیدخبریں