لاہور: پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ مریم نفیس بھی عالمی وبا میں مبتلا ہیں، انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی صحت بارے بتاتے ہوئے انہوں نے مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔
اداکارہ مریم نفیس نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس انہوں نے لکھا ہے کہ وبائی مرض کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔
مریم نفیس کا کہنا تھا کہ میں نے وبا میں مبتلا ہونے کے بعد فوری طور پر خود کو سب سے علیحدہ کیا اور آئسولیٹ ہوگئی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو وبائی مرض سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاط کرنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ میں لوگوں کی دعائوں کیساتھ جلد ہی اس مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائوں گی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ماسک کا ضرور استعمال کریں اور لوگوں کیساتھ میل ملاپ کے دوران احتیاط برتیں۔
خیال رہے کہ عام لوگوں سمیت شوبز سے جڑی بہت سی شخصیات عالمی وبا کا شکار بن چکی ہیں۔ وبا کی حالیہ لہر نے زیادہ تشویشناک صورت اختیار کر لی ہے۔ دوسری لہر کے دوران اب تک معروف ٹیلی وژن اینکر عامر لیاقت حسین، ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر، گلوکار جواد احمد، اداکارہ فروا کاظمی، صحیفہ جبار، اداکارہ علیزے گبول، اداکار امیر گیلانی اور عثمان مختار کا بھی ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔
طبی ماہرین نے دوسری لہر کو زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیاں بچائیں کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ اس وبا سے بچنے کیلئے بالکل احتیاط نہیں برت رہے۔ یہی وجہ ہے کہ مرض میں مبتلا مریضوں اور اموات میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔