اسلام آباد: موٹرویز اینڈ نیشنل ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں بھاری اضافہ کر دیا گیا۔ گزٹ نوٹیفیکیشن کے مطابق اوور سپیڈ پر موٹرسائیکل سوار کو 1500 جب کہ کار والے کو 2500 روپے جرمانہ بھرنا پڑے گا۔ اس سے پہلے سب کے لیے یہ جرمانہ 750 روپے ہوتا تھا۔
اس کے علاوہ کمرشل گاڑیوں کو اوور سپیڈ پر 10 ہزار جرمانہ ہوگا اور اوور لوڈنگ پر بھی 10 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
غلط اوور ٹیکنگ پر کمرشل گاڑی کو 3000 روپے جرمانہ کیا جائے گا جب کہ بے ہنگم ڈرائیونگ پر کار، موٹرسائیکل کو 5 ہزار اور کمرشل گاڑی کو 10 ہزار جرمانہ ہو گا۔
اسی طرح غلط یو ٹرن لینے پر کار، موٹر سائیکل کو ایک ہزار اور کمرشل گاڑی کو3000 جرمانہ ہو گا جب کہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کار سوار کو 1500 اور کمرشل گاڑی کو 3000 جرمانہ کیا جائے گا۔