کرتارپور راہ داری کھلنے سے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی، خواجہ آصف

کرتارپور راہ داری کھلنے سے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی، خواجہ آصف
کیپشن: آرمی چیف اور سدھو کی ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئے: خواجہ آصف/// فوٹو فائل

سیالکوٹ: سابق وزیرِ خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نوجوت سنگھ سدھو کی ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نے کرتارپور راہ داری کھلنے کو حکومت کا ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اس پر ردِ عمل حوصلہ افزا نہیں۔ اس راہ داری سے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ بھارت میں الیکشن ہونے والے ہیں، مودی سرکار اور کانگریس دونوں مذہبی کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ سشما سوراج کے بیان سے لگا کہ انھیں انتخابات میں نقصان کا اندیشہ لا حق ہے، کرتارپور راہ داری کھلنے سے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملے گی۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کی، کرتارپور راہ داری کے ذریعے بھارتی سکھ بغیر ویزے کرتارپور صاحب کے درشن کے لیے آ سکیں گے۔راہ داری کھولنے کی تقریب میں بھارت سے سابق کرکٹر اور سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو اور دیگر نے بھی شرکت کی۔