اسلام آباد: فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس امتحان کیلئے ترمیمی قانون کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ترمیم شدہ قانون کے مطابق 12 پروفیشنل اور سرو س گروپ کی گریڈ 17 کی اسامیوں پر تقرری کیلئے ہونے والے تحریری امتحان کے نمبر 1200، میڈیکل، سائیکالوجی ٹیسٹ اور انٹرویو کے 300 اور مجموعی نمبر 1500 ہوں گے۔
لازمی مضامین کے 600 نمبر میں کامیابی کیلئے 40 فیصد اور اختیاری مضامین میں کامیابی کیلئے 33 فیصد نمبر اور مجموعی طور پر تحریری امتحان میں 50 فیصد اور میڈیکل سائیکالوجی او رانٹرویو کے 300 میں سے کامیابی کیلئے 100 نمبر حاصل کرنا لازمی ہوں گے۔ پولیس اور ریلوے سروس کیلئے فوج کی طرز پر امیدواروں کا میڈیکل، سائیکالوجی ٹیسٹ اور قد ، چھاتی او رنظر کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔
سی ایس ایس امتحان کیلئے امیدوار کی کم سے کم عمر 21 سال اور زیادہ سے زیادہ سے 30 ہوگی جبکہ سرکاری ملازمین اور خاص صوبے و علاقہ اور مذہب کے افراد کیلئے 2 سال تک رعایت دی جائے گی۔ سی ایس ایس امتحان میں تین مرتبہ فیل ہونے امیدوار تاحیات امتحان کیلئے نااہل ہوجائیں گے۔