لاہور:پاکستان کے مشہور و معروف جارح مزاج اوپننگ بلے باز عمران نذیر کے لئے ایک اور نئی مشکل کھڑی ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران نذیر پر لاہور کی مقامی عدالت کی جانب سے 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔گزشتہ طویل عرصہ کرکٹ سرگرمیوں سے دور رہنے کے بعد عمران نذیر نے ایک بار پھر کرکٹ میں واپسی کی، تاہم مصیبتوں نے ان کا پیچھا اب بھی نہ چھوڑا۔
اطلاعات کے مطابق انہوں نے 2015 میں اس وقت کے ڈومیسٹک کرکٹ کے پی سی بی ڈائریکٹر انتخاب عالم پر رشوت لینے کا الزام عائد کیا تھا۔حال ہی میں ابوظہبی لیگ میں لاہور قلندرز کی جانب سے کرکٹ سرکل میں واپسی کرنے والے عمران نذیر نے الزام عائد کیا تھا کہ انتخاب عالم نے این او سی کے لئے ان سے رشوت طلب کی تھی۔
اوپنر کی جانب سے لگائے گئے اس الزام پر انتخاب عالم نے لاہور کی عدالت میں کیس دائر کردیا تھا، کیس کی کارروائی کے دوران عمران نذیر انتخاب عالم پر لگایا گیا الزام عدالت میں ثابت نہ کر سکے اور جج محمد اسلم نے ان پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔