دانش سکول کے طالبعلم نے پیدل چلتے وقت موبائل فون بیٹری چارج کرنے کا آلہ ایجاد کرلیا

دانش سکول کے طالبعلم نے پیدل چلتے وقت موبائل فون بیٹری چارج کرنے کا آلہ ایجاد کرلیا
کیپشن: Image by Ramkumar - WordPress.com

لاہور:دانش بوائز سکول چشتیاں سیکنڈ ایئر کے طالب علم عامر رمضان نے موبائل فون کی بیٹری چارج کرنے کے مسئلہ کو مزید آسان بنانے کیلئے پیدل چلتے وقت جوتوں کی گردش سے موبائل فون بیٹری چارج کرنے کا آلہ ایجاد کرکے نہ صرف سب کو ورطہ حیرت میں ڈالدیا .

بلکہ دنیا کی کمپیوٹر سافٹ ویئرو دیگر آلات تیار کرنے والی کمپنی انٹل سائینس اور شوکت خانم میموریل ہسپتال کے زیر اہتمام لاہور میں صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرکے آئندہ قومی سطح کے مقابلہ کیلئے منتخب کر لیا گیاہے۔


موبائل فون بیٹری چارجنگ آلہ کے خالق طالب علم عامر رمضان نے اپنے ٹیچر پروفیسر عبدالمجید کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ پیدل چلتے وقت جوتوں کی گردش سے کام کرنے والا بیٹری چارجر نہ صرف اپنی نوعیت کا پہلا آلہ ہے جو بڑی عرق ریزی اورتجرباتی مراحل کے بعدتیار کیا ہے جو بہت کم لاگت سے تیار کیا جاسکے گا۔


اس آلہ کی بدولت ایسے افراد جو اپنے کام کاج ،محنت مزدوری کے سلسلہ میں دن بھر کام کرتے ہیں استفادہ کر سکیں گے۔


طالب علم نے مزید بتایا کہ اسے فخر ہے کہ وہ حلال روزی کمانے والے مزدور کا بیٹا ہے اور دنیا کی بہترین تعلیمی درس گاہ دانش بوائز سکول چشتیاں میں تعلیم حاصل کر کے اس قابل ہوا ہے کہ ملک و ملت کی خدمت کر سکے۔

اس موقع پر دانش سکول کے فزکس کے پروفیسر عبدالمجید نے بتایا کہ دو سال قبل بھی دانش سکول چشتیاں کے طلبہ نے سائینسی پراجیکٹس نے قومی سطح پر کامیابی حاصل کر کے امریکہ میں عالمی سطح ہونے والے مقابلہ میں حصہ لیا تھا۔