کراچی: چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کی ہدایت پر شاہ فیصل ،ملیر ماڈل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے گلیوں اور محلوں کی سطح پر بلدیاتی انتظامات مکمل کرلئے گئے, صفائی وستھرائی کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور استرکاری کے حوالے سے جاری انتظامات آج پایہ تکمیل تک پہنچادیئے جائیں گے.
چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے بارہ ربیع الاول کو ضلع کورنگی کی حدود میں برآمد ہونے والے تمام جلوسوں کے روٹس کو مکمل کلیئر کردیا جائیگا. انہوں نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی ہے کہ جلوسوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ روٹس پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کو جلوس سے قبل ہٹا دیا جائے تا کہ دوران جلوس شرکاء کو کسی بھی قسم کی مشکلات پیش نہ آئے.
ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے چیئر مین اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کے چاروں زونز کا تفصیلی دورہ کرکے عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے جانب جاری بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا. چیئر مین بلدیہ کورنگی نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے افسران وعملے کی کاوشوں کی تعریف کی اس موقع پر چیئر مین سید نیئر رضا نے تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام ، منتظمین اور عوام سے بھی اظہارتشکر کیا جنہوں نے ہر مذہبی تہوار کی طرح عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر بھی علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی میں اپنا مکمل تعاون بلدیہ کورنگی کے ساتھ جاری رکھا .
بعد ازاں علاقائی دورے پر مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضانے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی بارہ ربیع الاول کے موقع پر عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے ضلعی حدود میں برآمد ہونے والے تمام جلوسوں کے راستوں پر جلوس سے قبل صفائی و ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنا یا جائے. سوئپنگ کے بعد شاہراہوں کے کناروں پر چونے کا چھڑکائو اور محافل میلاد کی اجتماع گاہوں کے اطراف بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے ساتھ صحت مند ماحول کے قیام کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے ۔