بد قسمتی سے شہر کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاگیا ہے، شاہ محمود قریشی
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی شہر منی پاکستان ہے اور پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن بد قسمتی سے شہر کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاگیا ہے
کراچی: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی شہر منی پاکستان ہے اور پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن بد قسمتی سے شہر کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاگیا ہے۔ ماضی میں شہر کے دعویداروں نے بھی اس شہر کو امن اور خوشحالی کے بجائے پستی کی طرف دھکیلا ۔ آج کراچی شہر کی سڑکیں کھنڈرات کے منظر پیش کر رہی ہیں اور ہر گلی کچرے کا ڈھیر بن چکی ہے۔
۔ یہ باتیں انہوں نےاتحاد ٹائون ضلع غربی میں تحریک انصاف کے رہنما ملک شہزاد اعوان کی رہائش گاہ پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، صوبائی سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ، دوا خان صابر، عبد الرحمان جدون، سربلند خان، شاہنواز جدون، ملک عارف اعوان ،ڈاکٹر کبیر خان، سید زرین شاہ ،سعید الرحمان مدنی اور دیگر رہنمائوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کو مسائلستان کی اس دلدل سے نکالنے کے لئے قومی دھارے میں لانا ہوگا ۔لسانیت اور فرقہ واریت کی سیاست کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے ۔ کراچی سمیت پورے ملک کا سیاسی موسم تبدیل ہو رہا ہے ۔ کراچی پاکستان کا دل ہے لیکن بد قسمتی سے حکمرانوں نے اس شہر کے ساتھ جو سلوک کیا ہے وہ پنجاب کے پسماندہ ترین ضلع سے زیادہ تباہ حال ہے ۔
کراچی کے عوام سیاسی شعور رکھتے ہیں ۔ ماضی میں یہ شہر جمہوری تحریکوں کا گڑھ رہا ہے اور آج بھی اس شہر میں قومی سیاست کے لئے بہت گنجائش موجود ہے۔ خوف کی سیاست کا بت اپنی موت آپ مر چکا ہے ۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ کراچی کے شہری اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے اس سفر میں چیئر مین عمران خان کے شانہ بشانہ ہوں گے کیونکہ تمام سیاسی پارٹیوں کی قیادت لوٹ مار اور کرپشن میں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے ۔ اس وقت اگر کوئی لیڈر ہے جو اس ملک کے ساتھ مخلص ہے وہ صرف عمران خان ہے ۔عمران خان کا ساتھ دینا ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے ۔اس موقع پرفردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کراچی ریجن میں بہت جلد ضلع کی سطح پر ورکر کنونشن منعقد ہوں گے جس میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین شرکت کریں گے ۔کراچی کے عوام اب بھی تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور اس شہر کا مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے۔