لوپ بری : تھائی لینڈ کے شہر لوپ بری میں سیاحوں کی آمد کا سبب بننے والے بندروں کیلئے شاندار دعوت کا اہتمام کیا گیا۔دنیا میں کچھ بہت ہی عجیب و غریب کام کیے جاتے ہیں جو بعد میں باقاعدگی سے خاص دنوں کی صورت منائے جاتے ہیں اور ایسے کئی تہوار دنیا بھر میں مقبول ہیں اور سیاحوں کے لیے خاص دلچسپی کا سامان رکھتے ہیں۔تھائی لینڈ میں ہر سال بندر میلہ منایا جاتا ہے، اس کا مقصد مقامی شہریوں کے جانب ان بندروں کا شکریہ ادا کرنا ہے، جن کی وجہ سے ہزاروں سیاح ہرسال تھائی لینڈ کے لوپ بری سیاحتی مرکز کی سیر کرتے ہیں۔
تھائی لینڈ کے لوگ ایک کھلی جگہ پر بڑی بڑی میزیں لگاتے ہیں اور انہیں ہر قسم کے پھلوں ، پھولوں، کیکس اور چاکلیٹس سے سجا دیتے ہیں۔ان لوازمات کو چادروں سے ڈھک دیا جاتا ہے۔میزپوش ہٹانے سے پہلے یعنی بندروں کی دعوت عام سے پہلے بینڈ باجے والے اپنے فن کامظاہرہ کرتے ہیں ۔رقص بھی پیش کیا جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میزوں کے قریب بیٹھنے والے لوگ جنہیں آپ ویٹرزبھی کہہ سکتے ہیںاور وہ کیمرہ مین جو ان بندروں کی نقل و حرکت کی تصاویر بناتے ہیں، یہ سب لوگ بندروں کے ماسکس پہنے ہوتے ہیں تاکہ بندروں کو میزوں کے قریب آنے میں ہچکچاہٹ نہ ہو۔اس میں میلے میں ہزاروں بندروں کو مختلف قسم کے فروٹس دینے کے علاوہ سبزیاں، آئیس کریم، جیلی اور میٹھا بھی پیش کیا جاتا ہے۔
اس کے بعد میزوں سے چادریں ہٹا دی جاتی ہیں اور بندروں کے غول ان پر ٹوٹ پڑتے ہیں، یہ مناظر دیکھنے کے لائق ہوتے ہیں اور ارد گرد کھڑے لوگ ان سے بہت محظوظ ہوتے ہیں۔تھائی لینڈ میں اس تہوار کا 1989میں آغاز ہوا تھا، اب یہ سیاحوں کا ایک اہم تہوار بن چکا ہے اور ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سیاح اب صرف اس فیسٹیول میں شرکت کرنے کے لیے تھائی لینڈ کا سفر کرتے ہیں۔