لاہور: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عامر فیاض اور گروپ لیڈر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت نے عرصہ دراز سے ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جس کی بناء پر ان کو دھرنا دینا پڑا اور اگر پھر بھی مطالبات پورے نہ کئے گئے تو 6دسمبر کو پنجاب بھر کی ٹیکسٹائل ملیں بند کر کے مزدوروں سڑکوں پر نکال دیں گے۔
گزشتہ روز آپٹما لاہور میں ایسو سی ایشن کے ارکان کی ایک ہنگامی میٹنگ کے بعد لاہور آفس میں دھرنا دیا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جس روز سے یہ حکومت آئی ہے انہوں نے برآمدی صنعت پر بے جا ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی مد میں اتنا بوجھ ڈالا ہے کہ اب تک70ملیں بند ہو چکی ہیں جب کہ 50فیصد ملوں میں تین کی بجائے دو شفٹس کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ متعدد بار وزیر اعظم ، وزیر خزانہ، وزیر تجارت اور دوسرے متعلقہ ارباب اختیار سے مل کر اپنے مطالبات ان کو بتا چکے ہیں۔آپٹما کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ سندھ میں گیس کی قیمت 400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ پنجاب میں 900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔
صوبہ پنجاب کی ٹیکسٹائل ملز کے ساتھ منصفانہ برتائو نہیں کیا جا رہا۔