مظفرآباد: حکومت نے آزادجموں وکشمیر علماء ومشائخ کونسل کی تشکیل نو مکمل کرلی،پانچ سرکاری ممبران کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے نو ممبران کا تقرر کردیا گیا جبکہ کھوئی رٹہ ضلع کوٹلی سے تعلق رکھنے والے مولانا صاحبزادہ فضل الحق نقشبندی کو وائس چیئرمین علماء ومشائخ کونسل مقررکردیا .
سیکرٹریٹ مذہبی امور واوقات سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدرآزادکشمیر نے آزادجموں وکشمیر علماء مشائخ کونسل ایکٹ 1997(ترمیمی ایکٹ 1993)کی دفعہ تین ذیلی دفعہ دو کے تحت نو غیر سرکاری اور ذیلی دفعہ تین کے تحت پانچ سرکاری اراکین کو عرصہ پانچ سال کے لیے کونسل کا رکن مقرر کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ سات کے تحت صاحبزادہ مولانا محمد فضل الحق نقشبندی کو وائس چیئرمین مقررکردیا گیا ہے جو ایڈیشنل سیکرٹری حکومت بی 19کے عہدے کے برابر مراعات حاصل کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھمبر سے مولانا محمد عبداللہ ،مظفرآباد سے میجر ریٹائرڈقاضی محمد بشیر،مولانا محمد زاہد اثری،علامہ فرید عباس نقوی،نیلم سے مولانا ممتاز الحق قاسمی،ہٹیاں بالا سے مولانا فضل ربی،باغ سے مولانا محمد حسین اور کوٹلی سے صاحبزادہ طاہر محمود کو علماء مشائخ کونسل کا رکن بنادیا گیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ سرکاری آفیسران بھی بلحاظ عہدہ ممبران کونسل ہونگے جن میں سیکرٹری امور دینیہ،سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل،ناظم امور دینیہ(بلحاظ سیکرٹری علماء ومشائخ کونسل) ناظم اعلیٰ زکوة وعشر اور ناظم اعلیٰ اوقاف شامل ہیں۔
دریں اثناء وائس چیئرمین علماء ومشائخ کونسل مولانا صاحبزادہ فضل الحق نقشبندی نے گزشتہ روز نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد اپنے دفتر میں عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ا س سے قبل انہوں نے چیئرمین علماء ومشائخ کونسل مولانا محمد عبیداللہ فاروقی سے ان کے آفس چیمبر میں ملاقات کی اور آزادکشمیر میںاتحاد بین المسلمین کے فروغ ،ریاست میں اسلامی اقدار کے تحفظ ،محکمہ زکوة امور دینیہ اور اوقاف کے حوالے سے امور پر گفتگوکی۔