طلاق کی بڑی وجہ گیس لوڈ شیڈنگ ہے: حکومتی خاتون رکن اسمبلی

طلاق کی بڑی وجہ گیس لوڈ شیڈنگ ہے: حکومتی خاتون رکن اسمبلی

اسلام آباد:  مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی نے دعویٰ کیا ہے  کہ ملک میں ہونے والی طلاقوں کی ایک بڑی وجہ گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے۔

قومی اسمبلی میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملک میں طلاقوں کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ طاہرہ اورنگزیب، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی والدہ ہیں۔

طاہرہ اورنگزیب کا کہنا تھا، گھروں میں گیس کے نہ ہونے کی وجہ سے جھگڑے عام سی بات ہیں، خواتین وقت پر کھانا نہیں پکا پاتیں، جس کی وجہ سے شوہر جھنجھلا جاتے ہیں اور یہی چیز آگے چل کر طلاق کا باعث بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی میں خلل سے میاں بیوی کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوگی، کیونکہ گیس کی لوڈ شیڈنگ گھریلو جھگڑوں کا باعث بن رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے جھگڑوں کا بچوں پر بھی برا اثر پڑتا ہے اور اس وجہ سے نئی نسل اخلاقی طور پر تباہ ہورہی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے اربوں ڈالرز کے پاکستان-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے بھی سوال کیا اور کہا کہ حکومت کو گیس منصوبے میں پیش رفت سے متعلق ایوان کا آگاہ کرنا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں گیس لوڈ شیڈنگ پر بحث کا آغاز جمعیت علماء اسلام (ف) کی خاتون رکن اسمبلی نعیمہ کشور کی جانب سے پیش کی گئی تحریک کے بعد ہوا۔