لاہور: ملت پارک میں ڈکیتی مزاحمت پر 5 افراد کے قتل میں ملوث تین ملزم گرفتار کر لئے گئے۔ ملت پارک کے علاقہ پکی ٹھٹھی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے 5 افراد کی جان لینے والے تین ملزم پکڑے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں میں زاہد، جہانگیر اور باسو شامل ہیں۔ تینوں ملزم ریکارڈ یافتہ ہیں۔ ملزمان میں سے 2 کا تعلق حافظ آباد جبکہ ایک کا کوٹ عبدالمالک سے ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق باسط عرف باسو کچھ دور کھڑا نگرانی کرتا رہا جبکہ ملزم جہانگیر اور زاہد نے فائرنگ کی۔ ملزموں نے 19 نومبر کو پکی ٹھٹھی کے ایک جنرل سٹور میں ڈکیتی مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 5 افراد کو بے دردی سے قتل جبکہ دو کو زخمی کر دیا تھا۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیا تو سی آئی اے پولیس کی خصوصی ٹیم بھی انکی گرفتاری کے لئے سرگرم ہو گئی تھی۔