اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے بلٹ پروف گاڑی خریدنے کے حوالے سے پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ پالیسی کے مطابق کوئی بھی کمپنی 30 کروڑ روپے اور انفرادی شخص 3 کروڑ روپے ٹیکس دینے پر بلٹ پروف گاڑی خریدنے کا اہل ہوگا۔
نئی پالیسی کے مطابق ریاست مخالف افراد ، قتل ، اغوا ، ڈکیتی کے ملزمان کو بلٹ پروف گاڑی خریدنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ بلٹ پروف گاڑی خریدنے والے افراد کی خفیہ اداروں سے سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی اجازت سے بلٹ پروف گاڑی خریدی یا فروخت کی جاسکتی ہے، 30 کروڑ ٹیکس دینے والے کو 2 گاڑیاں 50 کروڑ تک ٹیکس دینے والے کو 3 گاڑیاں لینے کی اجازت دی جائے گی۔اس کے علاوہ ایک ارب روپے ٹیکس دینے والے کو 4 گاڑیاں ، ایک ارب سے زائد ٹیکس دینے والے کو 6 گاڑیاں خریدنے کی اجازت ہوگی ۔
بلٹ پروف گاڑی کی 6 ماہ میں ٹیکس کی ادائیگی نا ہونے پر بلٹ پروف گاڑی کا اجازت نامہ منسوخ ہوگا، صوبائی محکمہ ایکسائیز بلٹ پروف گاڑیوں کی رجسٹریشن کرنے کا مجاز ہوگا۔