اسلام آباد: کیریبین جزیرے کے ملک سینٹ لوشیا نے پاکستان سے سفارتی تعلقات کا اعلان کر دیا۔
پاکستان اور کیریبیئن جزیرے کے ملک سینٹ لوشیا نے اپنے سفارتی تعلقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
اقوا م متحدہ میں پاکستانی مشن میں ایک تقریب کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور سینٹ لوشیا سے ان کی ہم منصب سفیر مینیسا رامبالی نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔
اس موقع پر سفیر منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا دونوں کثیرالجہتی فورمز بشمول دولت مشترکہ میں تعاون کر رہے ہیں،باضابطہ تعلقات کا قیام دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی بنیاد کا کام کرےگا۔تجارت ،سیاحت کے شعبوں میں باہمی تعاون کی راہیں کھلیں گی۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کو باضابطہ بنانے سے تجارت،سیاسی تعاون اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کی راہیں کھلیں گی۔دونوں ممالک میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے سیاحوں کے دوروں کے ذریعے دریافت کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر سینٹ لوشیا کی سفیر مینیسا رامبالی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ڈیرن سیمی، جن کا تعلق سینٹ لوشیا سے ہے، ایک اعزازی پاکستانی شہری بھی تھے جو ہمیشہ پاکستان اور اس کے لوگوں کی مہمان نوازی کے بارے میں بات کرتے تھے۔
سفیر مینیسا رامبالی نے تقریب کی میزبانی کرنے پر سفیر منیر اکرم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر ”ان سے بہت کچھ سیکھا“۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان پہلے ہی شاندار تعلقات ہیں اور مختلف فورمز پر فعال تعاون کر رہے ہیں تاہم رسمی سفارتی تعلقات کے قیام سے موجودہ تعلقات کو مزید استوار کرنے کا موقع ملے گا۔