سانحہ 9 مئی کے  واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا :شہباز شریف 

10:55 PM, 29 May, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف نے ٹویٹ کیا کہ  ایسا لگتا ہے کہ عمران نیازی کی معیشت اور اس کے کام کرنے کے وسیع نظام کے بارے میں سمجھ کافی محدود ہے۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں  پی ٹی آئی سربراہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے  کہا  وہ باآسانی ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز کو مزید سنگین کرنے میں اپنا کردار بھول گئے ہیں۔ آئی ایم ایف معاہدے کو ختم کرنے سے لے کر، انہووں نے ہمیشہ پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی خواہش کی ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ  یہ ان کی مسلسل ایجی ٹیشن، لانگ مارچ اور دھرنے کی سیاست کے منفی اثرات کے علاوہ ہے جو سیاسی عدم استحکام کے باعث معیشت پر پڑے ہیں۔ حتی کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی عمران نیازی کی طرف سے جان بوجھ کر بنائے گئے ایسے غیر مستحکم ماحول میں اپنا سرمایہ لگانے سے کترائیں گے۔

صرف 9 مئی کے خوفناک واقعات نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا اور یہ ان کے مذموم عزائم کی ناقابل تردید تائید ہے۔ اس میں کرپشن کے ان کیسز کا ذکر نہیں ہے جن میں وہ ملوث ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کو درپیش مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے مزید کہاجی ہاں ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم مشکل ترین وقت گزار چکے ہیں۔ اقتصادی طور پر ملک کو مضبوط بنانے اور بروقت پالیسی مداخلتوں کے ذریعے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ہم پاکستان کے دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر جہاں ضرورت ہے وہاں مالیاتی خلا کو ختم کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ ہمارے لیے اصل چیلنج درآمدات پر انحصار کم کرنا اور مہنگائی کو کم کرنا ہے، جو اس وقت ممکن ہے جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار کو معیشت کا انجن بنائیں۔

مزیدخبریں