نگراں پنجاب حکومت کی برطرفی، عدالت نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سےجواب طلب کر لیا

11:00 AM, 29 May, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نگراں پنجاب حکومت کو ختم کرنے کے لئے دائر درخوست پر وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، گورنر پنجاب سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیے۔  لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف  کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ جسٹس شاہد کریم نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 6 جون کو جواب طلب کر لیا۔ 

تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب میں موجودہ نگران حکومت کوختم کرنے اور نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

کیس کی سماعت جسٹس شاہد کریم نے کی جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ نعمان شمس قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے پنجاب میں 14 مئی الیکشن کے حکم کے بعد موجودہ نگران حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے، 90 دن سے زائد کوئی بھی نگران سیٹ اپ نہیں رہ سکتا، موجودہ نگران حکومت پنجاب غیر آئینی اورغیر قانونی طور پر کام کررہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت کو ختم کرکے تمام پارٹیز سے مشاورت کے بعد نیا عبوری سیٹ اپ تشکیل دینے کا حکم دیا جائے۔ 

جسٹس شاہد کریم نے وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، گورنر پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 6 جون کو جواب طلب کر لیا۔

مزیدخبریں