اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی نظر ثانی درخواست پر سماعت آج پھر ہوگی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سوا بارہ بجے سماعت کرے گا۔
جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ کا حصہ ہونگے۔ وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی آج بھی دلائل جاری رکھیں گے جبکہ وفاقی حکومت، نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن جوابات جمع کرا چکے ہیں۔
سپریم کورٹ نے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا لیکن وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن 14 مئی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درامد نہیں کر سکے۔
3 مئی کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کر درخواست دی تھی۔ ا لیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کا انتخابات میں تاریخ دینے پر اعتراض اٹھایا تھا اور مؤقف پیش کیا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس نہیں ہے۔