نئی دہلی: بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے۔ سدھو نے کانگریس کی طرف سے ایم ایل اے کا الیکشن بھی لڑا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی صوبہ پنجاب کے علاقے مانسا میں معروف سنگر کو گولیاں ماری گئی ہیں۔ انہوں نے اسی علاقے سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ انہیں آپ پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا نے 63,323 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
مانسا ضلع کے ایک گاؤں موسے سے تعلق رکھنے والے موسے والا نے گزشتہ سال نومبر میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ گلوکار کو ٹکٹ ملنے کے بعد مانسا کے موجودہ ایم ایل اے نذر سنگھ مانشاہیہ نے پارٹی سے یہ کہتے ہوئے بغاوت کردی تھی کہ وہ متنازعہ گلوکار کی امیدواری کی مخالفت کریں گے۔